ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر صحت رمیش کمار کا ٹمکور اسپتال کا اچانک دورہ؛ اسپتال میں ہر طرف گندگی پر برہمی

وزیر صحت رمیش کمار کا ٹمکور اسپتال کا اچانک دورہ؛ اسپتال میں ہر طرف گندگی پر برہمی

Fri, 01 Jul 2016 03:14:27  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔(ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت وخاندانی بہبود رمیش کمار نے آج اچانک ٹمکور ضلع اسپتال کا دورہ کیا اور یہاں کی بدحالی دیکھ کر انہوں نے ڈسٹرکٹ سرجن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ آج دوپہر اچانک ٹمکور ضلع اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے وزیرنے اسپتال کے تمام وارڈوں ، یہاں کی ایمرجنسی وارڈ اور کیاژویلٹی یونٹ کا معائنہ کیا۔ ساتھ ہی یہاں داخل مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کا احوال بھی معلوم کیا۔اسپتال میں انہیں حاصل سہولیات اور درپیش پریشانی کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ہیڈکوارٹر کا اسپتال سارے ضلع کیلئے ماڈل ہونا چاہئے تھا، لیکن اسپتال میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ اسپتال دیکھ کر ان کی سمجھ میں یہ نہیں آرہا ہے کہ یہ بیماری کم کرنے کی جگہ ہے یا بڑھانے کی ۔ مریضوں کو یہاں کسی طرح کی سہولت حاصل نہیں ہے اور عملہ بھی لاپرواہ نظر آرہاہے۔ اسی صورتحال کو دیکھ کر امیر لوگ سرکاری اسپتالوں کا رخ نہیں کرتے اور غریبوں کو یہاں مرنے چھوڑ دیا جاتاہے۔ رمیش کمار نے سخت تاکید کی کہ سرکاری اسپتال میں امیر ہو یا غریب سب کا علاج یکساں طور پر کیاجائے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے کہاکہ وہ بھی کافی محنت کرکے تعلیم مکمل کرنے کے بعد یہاں آئے ہیں وہ مریضوں کی پریشانیوں کو سمجھیں اور ان کا علاج کریں۔من مانے طریقے سے دوائیں تجویز نہ کریں ، کیونکہ سرکاری اسپتال آنیو الے مریض دواؤں کی دکانوں میں ملنے والی قیمتی دواؤں کی رقم برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے، اسپتالوں میں ہی دستیاب دواؤں سے ان کا علاج کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ اور صرف ناگزیر حالات میں باہر کی دوائیں تجویز کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہنگامی صورتحال میں مریضوں کے علاج کا انتظام ضلعی اسپتالوں میں ہی کیا جائے ، غیر ضروری طور پر انہیں بنگلور کے بڑے اسپتال جانے کا مشورہ دیا نہ جائے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ششی کلا ، ڈسٹرکٹ سرجن ایشوریا اور دیگر افسران نے وزیر موصوف کو اسپتال میں حاصل سہولتوں کے بارے میں جانکاری دی، اور برہمی ظاہر کئے جانے پر صفائی یقینی بنانے کا وعدہ کیا۔ 


Share: